اس تمہید کے ساتھ کہ عصری تقاضوں کے محاذ پر عالمی اعتماد حاصل کرنے والی
ہندستان کی کامیابیوں نے اقتصادی منظرنامے کو مثبت طور پر متاثر کیا نائب
صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے آج یہاں پولینڈ کے صنعت کاروں کو حوصلے
کے ساتھ ہندستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
یہاں پولینڈ کی وزارت اقتصادیات و ترقیات میں دونوں ملکوں کے صنعتی
نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر انصاری نے کہا کہ سنٹرل یورپ میں پولینڈ
بدستور ہندستان کا ایک مضبوط پارٹنر ہے اور دونوں طرف جس طرح سرمایہ کاری
کا دائرہ وسیع ہوا وہ
مستقبل میں اور تیزی پکڑے گا جس کی ایک وجہ ہندستان
کی وہ آبادی ہے جو قابل لحاظ طور پر نوجوانوں، ہنر مندوں اور باصلاحیت
افراد پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندستان کی تمام ۲۹ ریاستیں اب میک ان انڈیا اور اسکل
انڈیا سے تحریک پاکر شانہ بہ شانہ آگے بڑھ رہی ہیں اور ایک ملک ایک ٹیکس
کے تصور نے عملی جامہ پہننا شروع کر دیا ہے جس سے نہ صرف باہمی اور عالمی
تجارت کے فروغ کو خاطر خواہ مہمیز لگے گی بلکہ ڈیفنس، ریلوے،، شہری ہوابازی
اور ادویات سازی کے شعبوں میں راست سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا
ہوگا۔